اینڈریو سٹراؤس انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ مقرر

اینڈریو سٹراؤس انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ مقرر

لندن ( نیٹ نیوز) انگلینڈ نے سابق کپتان اینڈریو سٹراؤس کو ڈائریکٹر آف کرکٹ مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ انہیں پال ڈاؤنٹن کی جگہ یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جنہیں گزشتہ ماہ عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اینڈریو سٹراؤس کی قیادت میں انگلینڈ نے ناصرف دو ایشز سیریز جیتیں بلکہ ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کی۔ انگلینڈ نے ان کے ساتھ طویل مدتی معاہدہ کیا ہے اور وہ انگلش ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہریسن کا کہنا ہے کہ سٹراؤس انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، ان کے پاس بہت سے آئیڈیاز اور تسلیم شدہ قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ سابق کپتان سٹراؤس نے کہا کہ نئی ذمہ داری میرے لئے چیلنج سے کم نہیں مگر وہ اس کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ای سی بی حکام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ اینڈریو سٹراؤس نے 2012 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا، انہوں نے 100 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کی 7037 رنز بنائے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی