تاجربرادری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،راجہ اشفاق سرور

تاجربرادری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،راجہ اشفاق سرور

راولپنڈی (اے پی پی )پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے زیر اہتمام راول شاپنگ فیسٹول کی تقریبات کے موقع پر راولپنڈی شہر کے معروف موتی بازارکا دورہ کیا ، انہوں نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جنہوں نے کاروباراور روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیاہے۔ موتی بازار آمد پر صدر انجمن تاجراں چوہدری اقبال احمد ، جنرل سیکرٹری طاہر تاج بھٹی ،ممبر صوبائی کونسل یاسر بٹ، زیبر راشد بٹ، عابد مغل ، مقصود بٹ نے ان کا استقبال کیا۔ موتی بازار کے تاجروں نے صوبائی وزیر محنت و افراد ی قوت راجہ اشفاق سرور اور ان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سٹی صدر میٹروپولیٹن سردار محمد نسیم خان، مرکزی تاجر رہنما شرجیل میر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سانحہ نلتر پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ راجہ اشفاق سرور نے موتی بازار کے تاجروں سے ملاقات کی اور راولپنڈی میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ان کے خدمات کو سراہا۔ انہوں اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی کا موتی بازار تجارتی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے ۔

اور تاجروں کی محنت اور جدو جہد سے موتی بازار کو ایک اعلی معیار کا شاپنگ زون بنانے میں مدد ملی ہے ۔

مزید : کامرس