عالمی ادارہ صحت نے لائبیریا کو ایبولا وائرس سے پاک قرار دیدیا
جنیوا (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے لائبیریا کو ایبولا وائرس سے پاک قرار دے دیا۔ عالمی ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 42 دنوں کے دوران کوئی بھی شخص اس وائرس میں مبتلا نہیں ہوا ہے اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ مغربی افریقی ملک میں ایبولا کی وبا ختم ہو چکی ہے۔ لائبیریا کی خاتون صدر ایلن جانسن سیرلیف نے کہا ہے کہ اس وائرس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کو بھولنے کے لیے ایک طویل وقت درکار ہو گا۔ تاہم ہمسایہ ممالک گنی اور سیرالیون میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہی ایبولا کے نئے کیس سامنے آئے ہیں اس لیے اس وبا کے دوبارہ پھیلنے کا خطرہ موجود ہے۔