بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے، پیر اعجاز احمد ہاشمی

بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے، پیر اعجاز احمد ہاشمی

لاہور(جنر ل رپورٹر ،خبر نگا رخصوصی) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے سندھ اور پنجاب کی صوبائی تنظیمو ں کو ستمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے دوسری جماعتوں سے مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور اتحا د کے اختیارات دے دیے ہیں۔ میڈیا سیل کے مطابق پیر اعجاز ہاشمی نے بلدیاتی اداروں کو جمہوری نرسریاں قراردیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سپریم کورٹ کی طرف سے ہدایت پر ہی سہی مقامی حکومتوں کے انتخابات خوش آئند ہیں۔ اس سے نئے سیاسی کارکنوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما پاکستان جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ اور صوبائی تنظیموں سے کہا گیا ہے کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو امیدوار بنایا جائے۔ تاکہ مقامی مسائل کو حل کرنے کا انہیں تجربہ بھی ہوگا اور نیاخون بھی سیاست میں شامل کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندانی اجارہ داریوں نے مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت متعدد جماعتوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ تقویٰ کو معیار بنا کر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے جائیں۔ پیر اعجا ز ہاشمی نے کہا کہ کینٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات میں تنظیموں کی طرف سے تیار ی نہیں کی گئی۔ جس کے باعث کارکردگی کا معیار وہ نہیں رہا جس کی توقع کی جارہی تھی۔ مگر اب بھر پور تیار ی کے ساتھ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں امیدوار کھڑے کئے جائیں گے تاکہ نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جاسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1