گیس سے3600میگا واٹ کے منصوبے خوش آئند ہیں،ظہیر بھٹہ
لاہور(پ ر)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ظہیر بھٹہ نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے گیس سے 3600میگاواٹ بجلی منصوبے جن میں2400میگا واٹ وفاقی حکومت اور 1200میگا واٹ پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ بدترین لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ صنعتی پہیہ چلتا رہے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن رہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتیں بندش کا شکار اور مزدور بے روزگار ہورہے ہیں اس لیے توانائی بحران کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے تاکہ صنعتکار اور عوام دونوں ہی پریشانی سے نجات پاسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ظہیر بھٹہ نے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریز کولوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور مسلسل بجلی کی فراہمی کویقینی بنایا جائے تاکہ صنعتی یونٹ پوری پیداواری صلاحیت سے کام کرسکیں،اس سے حکومت کی صنعتی ترقی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگاملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اوربجلی بحران کے خاتمہ کے بعد نئی انڈسٹریز کے قیام سے ملک میں روزگار کے وافر مواقع فراہم ہونگے اور بے روزگاری جیسے اہم مسئلہ پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔