ٹاؤنوں کی انتظامیہ کے گھپلوں کو چھپانے کیلئے آڈٹ ٹیموں سے رابطے‘ دعوتوں کا اہتمام

ٹاؤنوں کی انتظامیہ کے گھپلوں کو چھپانے کیلئے آڈٹ ٹیموں سے رابطے‘ دعوتوں کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)شہر لاہور کے 9ٹاؤنوں کی انتظامیہ نے بڑے گھپلوں کو چھپانے کیلئے سالانہ آڈٹ کرنیوالی ٹیموں کو ’’قابو‘‘ کر لیا ہے۔جن اعزازمیں فائیو سٹار ہوٹلوں میں کھابے،آنے جانے کیلئے ٹھنڈی گاڑیاں،نقدی اور تحفے تحائف دینے کیلئے فنڈز جمع کر لئے گئے ہیں ۔داتا گنج بخش ٹاؤن کے سالانہ آڈٹ کا آغاز ہوا ہے اور آڈٹ کرنیوالی آڈٹ ٹیم کو طریقے سے قابو کر لیا گیا ہے ۔گزشتہ کئی دنوں سے آڈٹ ٹیم کیلئے فائیو سٹار ہوٹلوں سے کھانا منگوایا جا رہا ہے ٹیم کیلئے الگ فل ٹھنڈے کمروں کا انتظام کیا گیا ہے انہیں لانے اور چھوڑنے کیلئے مہنگی ترین گاڑیاں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ شہر کے9ٹاؤنوں میں بغیر پلاننگ ،انجنئیرنگ،ریگولیشن سمیت ہر وشعبہ میں کروڑوں روپے کے گھپلے کیے گئے ہیں ،جبکہ اتوار بازاروں ،ڈینگی سپرے،سپورٹس مقابلوں میں بھی وسیع پیمانے پر خرد برد کی گئی ہے جس کا سالانہ آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے اور آڈٹ میں گھپلے سامنے آنے سے بچانے کیلئے تمام ٹاؤنوں کی انتظامیہ نے آڈٹ ٹیموں کو ’’رام‘‘کر نے کیلئے ان کیلئے فنڈز کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔آڈٹ ٹیموں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کیلئے فنڈز جمع کیے گئے ہیں ۔اس حوالے سے محکمہ بلدیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں گے اور تحقیقات ہونگی اور اس کیلئے خفیہ ٹیم دی جائے گی جو خفیہ نگرانی کرے گی۔