محنت، محنت اور صرف محنت،وزیراعلیٰ کی منتخب نمائندوں، انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کو تلقین

محنت، محنت اور صرف محنت،وزیراعلیٰ کی منتخب نمائندوں، انتظامیہ اور ...

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ارفع کریم سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک میں واقع پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جدید ویڈیو کانفرنسنگ روم میں صوبے کے 9 ڈویژنل کمشنرز دفاتر اور سول سیکرٹریٹ میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے ویڈیو لنک کے ذریعے طویل ترین اجلاس کیا جو 6 گھنٹے تک جاری رہا۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں، انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے اس منصوبے کی معیاری، شفاف اور تیز رفتاری سے تکمیل کیلئے آگے بڑھیں اور محنت ، محنت اور صرف محنت سے دیانتداری کے ساتھ کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بھی اس پروگرام کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ’’خادم پنجاب روڈز دیہی پروگرام‘‘ شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام شروع کرکے آپ نے دیہی آبادی کے دل جیت لئے ہیں اور وہ آپ کو دعائیں دے رہے ہیں۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں بنائے جانے والے جدید ویڈیو کانفرنسنگ روم میں وزیراعلیٰ کا ویڈیو لنک کے ذریعے یہ پہلا اجلاس تھا۔

مزید : صفحہ اول