قلعہ گجر سنگھ ،نوکری سے انکار پر 30سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

قلعہ گجر سنگھ ،نوکری سے انکار پر 30سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

لاہور(کرائم سیل)قلعہ گجرسنگھ کے علاقے میں سابق مالک نے بات نہ ماننے پر30سالہ ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گیا ،اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پرپہنچ کرلاش کو قبضے میں لے کرپوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کر کے ماں بیٹے سمیت3افرادکے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دئے ۔ نمائندہ "پاکستان" سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے لواحقین اور اہل علاقہ نے بتایا کہ ہربنس پورہ مین بازارکا رہائشی 30سالہ ریحان حسین اعوان ٹاؤن کے رہائشی طلحہ بٹ کے یہاں ڈرائیورکی نوکری کر تا تھا۔ 8ماہ قبل ریحان نے نوکری چھوڑدی۔ اس دوران طلحہ بٹ نے متعدد بار اسے نوکری پرواپس آنے کو کہا مگرریحان نے انکار کر دیا جس کا ملزم کو رنج تھا گزشتہ روز ریحان لاہور ہوٹل کے قریب چنگ چی رکشہ پرسوارہو کراپنے بھائی کو ملنے جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل پرسواردو مسلح افرادنے اس پراندھا دھندفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک گولی اس کے سرمیں جا لگی اورریحان موقع پردم توڑگیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے مقتول کی لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے بعد مقتول کی نعش کو ورثا کے حوالے کر دیا ۔ مقتول کے بھائی شیراز کی درخواست پرطلحہ بٹ ،اس کی والدہ صدف بی بی اورصغیر کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے۔ بعد ازاں مقتول کے لواحقین نے نعش کو لاہور پریس کلب کے سامنے رکھ کر پولیس اور ملزمان کے خلاف شدید احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات شروع کر دئے اور انصاف کی فراہمی اور ملزمان کی گرفتاری کے وعدے کے ساتھ مظاہرین پرُ امن طور پر منتشر ہو گئے۔

مزید : علاقائی