نام نہاد عامل نے ڈیڑھ لاکھ ہتھیا لئے ،قتل کی دھمکیاں متاثرہ خاتون سی سی پی او آفس پہنچ گئی

نام نہاد عامل نے ڈیڑھ لاکھ ہتھیا لئے ،قتل کی دھمکیاں متاثرہ خاتون سی سی پی او ...

لاہور ( کرائم سیل)صوبائی دار الحکومت لاہور میں نام نہاد عامل کا ’’کارنامہ‘‘ حوا کی مظلوم بیٹی کو عملیات و جنات کے ذریعے کام ہونے کا جھانسہ دیکر اسکی جمع پونجی ہتھیا لی، متاثرہ خاتون نے تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کروا دیا ۔انویسٹی گیشن پولیس کی کارروائی عمل میں آنے سے پہلے ہی مدعی اور گواہ کو قتل کرنے کی دھمکیا ں ،خاتون تحفظ کیلئے سی سی پی اوآفس پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ چونگی امر سدھو کے رہائشی جعلی عامل نذیر شاہ نے مختلف جگہوں اور مختلف ناموں سے سادہ لوح عوام کو عملیات اور خدائی دعوے کر کے لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔ متاثرہ خاتون رقیہ بی بی نے میڈیا کو بتایا کہ اس جعلی عامل نے میرے گھر میں ہونے والے جھگڑے کو عملیات کے ذریعے ختم کروانے کی یقین دہانی کروا کے مجھ سے دیسی بکرے، آٹے کی بوریاں ،کالے الو، زعفران، کستوری اور دیگر سامان کی مد میں ایک لاکھ پچاس ہزار روپے ہتھیا لئے اور خود رو پوش ہو گیا ۔بڑی مشکل سے تلاش کرنے پر اس نے مجھے اپنا ایک چیک دے دیا جو کیش نہ ہو سکا۔ میں نے تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کروا دیا جس پر با اثر عامل نے مجھے ہراساں کرنا شروع کر دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ متاثرہ خاتون حصول انصاف کیلئے سی سی پی او دفتر پہنچ گئی رقیہ بی بی نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، نذیر شاہ مجھے جان سے مارنا چاہتا ہے اورقانونی کارروائی سے روکنے میں مصروف عمل ہے اور دیگر افراد سے مل کر میرے اہل خانہ اور میری ایف آئی آر کے گواہ ملک تنویر کے خلاف مختلف نوعیت کے جھوٹے مقدمات درج کروانے کے پلان تیار کر رہا ہے۔اس نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزید : علاقائی