صولت مرزا کی پھانسی مزید موخر نہیں ہو گی: چوہدری نثار

صولت مرزا کی پھانسی مزید موخر نہیں ہو گی: چوہدری نثار
صولت مرزا کی پھانسی مزید موخر نہیں ہو گی: چوہدری نثار

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ صولت مرزا کو مزید مہلت نہیں ملے گی اور انہیں ڈیتھ وارنٹس کے تحت 12 مئی کو تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سماءنے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے صولت مرزا کو مزید مہلت نہ دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی پھانسی کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی اور 12 مئی کو صبح ساڑھے چار بجے تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔

واضح رہے کہ صولت مرزا کے خاندان کے 18 افراد نے کچھ دیر قبل مچھ جیل میں صولت مرزا سے آخری ملاقات بھی کر لی ہے تاہم اس موقع پر ان کی اہلیہ نگہت مرزا کی عدم موجودگی نے سب کو حیران کر دیا اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ وہ صولت مرزا کی پھانسی کی تاریخ میں مزید توسیع کیلئے اسلام آباد موجود ہیں۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جس وقت نگہت مرزا کے اسلام آباد موجود ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں اس وقت وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس بھی ہو رہا تھا جس میں صولت مرزا کی پھانسی کی تاریخ میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر غور کیا جا رہا ہے اور ماہرین کے مطابق صولت مرزا کی اہلیہ بھی اسی لئے اسلام آباد میں موجود تھیں تاہم اب یہ فیصلہ سامنے آیا ہے کہ صولت مرزا کو مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔

مزید : قومی /اہم خبریں