پاک چین اقتصادی راہداری معاہدہ، صدرالدین ہاشو آنی کی بھارتی ایجنسی ’را‘ پر کڑی تنقید

پاک چین اقتصادی راہداری معاہدہ، صدرالدین ہاشو آنی کی بھارتی ایجنسی ’را‘ پر ...
پاک چین اقتصادی راہداری معاہدہ، صدرالدین ہاشو آنی کی بھارتی ایجنسی ’را‘ پر کڑی تنقید

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف بزنس مین اور ہاشو گروپ کے سربراہ صدرالدین ہاشو آنی نے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے کے مبینہ منصوبہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری رکھی ہیں مگر اللہ کے فضل اور افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت کے باعث ان مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

’را‘ کا منصوبہ منظر عام پر آنے کے بعد اپنے ایک بیان میں صدرالدین ہاشوانی نے کہا کہ یہ خبر پڑھتے ہی ان کا دل خون کے آنسو رویا لہذاپوری قوم متحد ہو کر اپنے سیکورٹی اداروں کو مضبوط کرے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دے۔

انہوں نے کہا کہ ’را‘پاکستان کے اندر ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی کر رہی ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان غداروں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 1971 نہیں اب پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ایٹم بم کسی نمائش کے لئے نہیں ہوتا۔ صدرالدین ہاشوانی نے ’را‘ کی سازش منظر عام پر لانے پر قومی سلامتی کے اداروں بلخصوص آئی ایس آئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت پر ڈٹی ہے بلکہ اندرون ملک امن و امان قائم کرنے اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف بر سر پیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارت کے سازشی منصوبہ نے ثابت کر دیا کہ بھارت خطہ میں امن اور خوشحالی کا خواہاں نہیں اور بھارت کا یہ مکروہ کردار پوری دنیا پر عیاں ہو گیا ہے۔

مزید : بزنس