ہائی کورٹ نے نیلم ،جہلم پراجیکٹ ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے معاہدے پر عمل درآمد روک دیا
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نیلم جہلم پراجیکٹ پر ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے معاہدے پر عملدرآمد روک دیا ہے ۔مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے یہ عبوری حکم ایک پاکستانی کمپنی کی طرف سے دائر درخواست پرپیپرا سے 15مئی تک جواب طلب کرتے ہوئے جاری کیا ۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پاکستان نے نیلم جہلم پراجیکٹ کے لئے ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے لئے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ چائنہ اور ترکی کی کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر اور میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیا ہے جبکہ مذکورہ کمپنیاں مطلوبہ تجربہ کی حامل نہیں ہیں ،میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیا گیا ٹھیکہ منسوخ کیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نیلم جہلم پراجیکٹ کے لئے ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے عمل کو روکنے کا حکم بھی دیا جائے، عدالت نے نیلم جہلم پراجیکٹ پر ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے معاہدے پر عملدرآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے پیپرا سے 15مئی کو جواب طلب کر لیا ۔