باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں ، محکمہ زراعت پنجاب

باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں ، محکمہ زراعت پنجاب

راولپنڈی/ اسلام آباد(آن لائن)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں تاکہ اچھی کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق گرمی اور خشکی سے پھل جھلس جاتا ہے اور اس کا چھلکا پھٹ جاتا ہے جس سے پھل کی خاصیت متاثر ہوتی ہے۔زیادہ گرمی کی وجہ سے پتے زرد ہو جاتے ہیں اور ان میں سبز مادہ (کلوروفل) نہ ہونے کی وجہ سے پتے نشاستہ یعنی کاربوہائیڈریٹ نہیں بنا سکتے جس سے پھل کی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

پتوں کے مسام بند ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ضیائی تالیف کا عمل صحیح طور پر نہیں ہوتا اور پودوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ سخت گرمی پھل کے شدید کیرے کا باعث بنتی ہے اور پھل کا بیشتر حصہ مئی اور جون کے مہینوں میں ہی گر جاتا ہے۔ ترجمان کے مطابق باغبان پودوں کو سخت گرمی سے بچانے کیلئے جنوب مغربی حصے کی طرف جنتر کی باڑ لگا دیں۔ملچنگ کرنے سے زمین کے درجہ حرارت کو معتدل رکھا جا سکتا ہے اور اس طرح سے زمین میں سے پانی کا ضیاع بہت کم ہوتا ہے۔ باغبان بڑے پودوں کی 10 سے 12 دن کے وقفہ سے اور چھوٹے پودوں کی 5 سے 6 دن کے وقفہ سے ہلکی آبپاشی کرتے رہیں۔ نئے لگائے گئے پودوں پر سرکنڈا، پرالی یا ٹاٹ وغیرہ سے سایہ کریں۔ پودوں کے تنوں کو نیلا تھوتھا اور چونا کا محلول ملا کر سفیدی کرنے سے گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے اور اس طرح تنے کا چھلکا پھٹنے سے محفوظ رہتا ہے۔#/s#

مزید : کامرس


loading...