پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، گورنر پنجاب

پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، گورنر پنجاب

 لاہور(کامرس رپورٹر‘نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘ وطن عزیز کو زراعت کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال‘ مشینی طریقہ کار سے زراعت کے فروغ کے ساتھ ساتھ بیج کی اچھی اقسام اور زرعی ادویات میں ریسرچ کی ضرورت ہے‘ پاکستان میں زراعت کے شعبہ کو نالج اور ریسرچ کی بنیاد پر ترقی دینے سے پاکستان کی معیشت تیزی سے فروغ پائے گی‘سی اے سی سمٹ اور ایگرو کیمیکل نمائش ہمارے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،وہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں دوسری دو روزہ سی اے سی سمٹ اور نمائش کے شرکاء کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کر رے تھے، اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد ‘ سینئر نائب صدر الماس حیدر‘نائب صدر ناصر سعید ‘ سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایگریکلچر کے کنوینر جاوید سلیم قریشی‘ایگزیکٹو کمیٹی اراکین‘سی سی پی آئی ٹی کی وائس چیئرپرسن ما چنیان سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے وفود بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے نمائش کے منتظمین‘ لاہور چیمبر‘ سی سی پی آئی ٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹ کا انعقاد پاکستان کی قومی خدمت ہے،انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبہ میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کو جاری رکھے گا۔گورنر نے کہا کہ پاکستان کی زیادہ تر آبادی کے روزگار کا انحصار زراعت پر ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں زراعت کے شعبہ کو نالج اور ریسرچ کی بنیاد پر ترقی دینے سے پاکستان کی معیشت تیزی سے فروغ پائے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے گیم چینجر ہے کیونکہ بہت سے ممالک پاکستان کے ساتھ اس اقتصادی راہداری کے ذریعے رابطہ چاہتے ہیں۔ اس منصوبے پر پوری لگن کے ساتھ کام ہو رہا ہے اور وزیر اعظم نواز شریف نے ہمیشہ سی پیک کو باعث فخرکہا ہے اور ہر فورم پر اس کو اجاگر کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، چین کی طرف سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان اور موجودہ حکومت پر بے پناہ اعتماد کا مظہرہے، سی پیک کی کامیابی دہشت گردی کیخلاف موجودہ حکومت کے موثر اقدامات کا نتیجہ ہے،اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے معزز مہمانوں کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا،گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے زرعی شعبے کی اہمیت کو بھرپور طریقے سے اْجاگر کرے گی ،پاکستان کے زرعی شعبے کو نہ صرف جدید ٹیکنالوجی ملے گی بلکہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق شعور و آگہی بھی حاصل ہو گی، انہوں نے کہا کہ سی اے سی سمٹ اور نمائش پاکستان کے زراعت سے وابستہ افراد کے لیے چین کی مہارت اور تجربہ سے سیکھنے کا سنہری موقع ہے،گورنر پنجاب نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ حکومت سی پیک پر پوری لگن سے کام کر رہی ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ پاکستان چین کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے کا خواہشمند ہے،سب کونسل برائے کیمیکل انڈسٹری کی وائس چیئرمین ما چنیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی ادویات کی تجارت مجموعی تجارت کا ایک بڑا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں چین کا پاکستان سے تعاون کامیابیوں کی نئی داستانیں رقم کرے گا۔

مزید : کامرس


loading...