وفاقی بجٹ میں کاٹیج سٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے: شیخ ا رشد

وفاقی بجٹ میں کاٹیج سٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے: شیخ ا رشد

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وفاقی بجٹ 2016-17ء میں کاٹیج سٹی کے قیام کا اعلان کرے اور کاٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی مراعات دے۔ کاٹیج انڈسٹری کے 100رکنی وفد کے سربراہ غلام سرور ملک سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ محمد ارشد نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی طرف توجہ دیکر حکومت غربت اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت بہت سے معاشی مسائل حل کرسکتی ہے لہذا حکومت کو وفاقی بجٹ میں اس کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ، چین اور بھارت نے کاٹیج انڈسٹری کو ترقی دیکر بے شمار معاشی فائدے حاصل کیے لہذا ہمیں بھی ایسے ہی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ نے کاٹیج انڈسٹری کو بہت بھاری نقصان پہنچایا ہے، اگر سمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے نہ روکا گیا تو یہ مزید تباہ کن کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاٹیج انڈسٹری جو مصنوعات اندرون ملک تیار کررہی ہے وہ درآمد کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی سمیت دیگر اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ تاجروں کو بلاوجہ تنگ کرنے سے گریز کریں۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کم وسائل سے زیادہ فروغ پاسکتی ہے، اس سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو روزگار ملے گا اور اُن علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف منتقلی کے رحجان میں بھی کمی آئے گی جس سے شہری آبادی میں تعلیم، ٹرانسپورٹ اور صحت وغیرہ کے مسائل حل ہونگے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے وسیع تر مفاد میں کاٹیج انڈسٹری کے وابستہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتا رہے گا۔ کاٹیج انڈسٹری کے وفد کے سربراہ غلام سرور ملک نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صوبے میں کاٹیج سٹی کے قیام کے لیے زمین مختص کرے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کے لیے ملازمین کی حد پانچ سے بڑھاکر دس کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں کاٹیج انڈسٹری کا حصہ بڑھانے کے لیے حکومت لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مشاورت سے حکمتِ عملی وضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ہرگز کوئی دوسری رائے نہیں کہ کاٹیج انڈسٹری معاشی ترقی کے لیے ایک اہم جزو ہے اور اسی کی مدد سے صنعتی انقلاب رونما کیا جاسکتا ہے۔

مزید : کامرس


loading...