صوبائی وزیر تعلیم کا شہر میں 3سکولوں کا اچانک معائنہ ۔سہولیات فراہمی کی یقین دہانی
لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے گزشتہ روز شہر میں تین سکولوں کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں سکول کو نسلوں کی تنظیم نو کا فیصلہ کرتے ہوئے اساتذہ کی کمی ، فرنیچر کی فراہمی ، سائنس و آئی ٹی لیبز اور دیگر تمام عدم دستیاب سہولیات کی فوری فراہمی کا اعلان کیا ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے ہربنس پورہ میں قلندر پورہ گرلز ہائی سکول کا دورہ کیا ۔انہوں نے پرنسپل سے سکول کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی ۔ اس موقع پر ای ڈی او ایجوکیشن لاہور طارق رفیق اور علاقے کے بلدیاتی نمائیندے بھی موجود تھے ۔ پرنسپل ، اساتذہ کرام اور معززین علاقہ نے علاقے میں واقع اس مرکزی گرلز سکول کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جسے منظور کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اگلے سال کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں یہ سکیم شامل کر دی جائے گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سکول میں مزید کلاس رومز کی تعمیر کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ مخیراور صاحب حیثیت افراد بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں ۔ صوبائی وزیر نے اعلی تعلیمی کارکردگی کی حامل ایک طالبہ کو انعامی رقم بھی دی ۔صوبائی وزیر تعلیم نے بعد ازاں گلشن راوی کے علاقے میں واقع سکولوں سعیدہ بٹ گرلز ہائی سکول اور واصف علی واصف بوائز ہائی سکول کے اچانک دورے کئے ۔
انہوں نے تدریسی سہولیات اور طالب علموں کی ضروریات کے حوالے سے لاپرواہی پرتنے پر سکولوں کی انتظامیہ سے کہا کہ ان کی کارکردگی قابل رشک نہیں ہے ۔ اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وہ قوم کی حقیقی لیڈرشپ ہیں کیونکہ ان کے ہاتھ میں قوم کا مستقبل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم آنے والی نسلوں کو زیور تعلیم سے آراستہ نہ کر سکے باقی شعبوں میں ترقی کا خواب بھی پورا نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں سکولوں کی کونسلز کی تنظیم نو کی جا رہی ہے پنجاب میں 54 ہزار سرکاری سکولوں میں تقریبا سوا کروڑ بچے زیر تعلیم ہیں ۔ہمارے بچوں نے عالمی سطح پر اپنی ذہانت ، صلاحیت اور ریا فت کی دھاک بٹھا رکھی ہے ۔ انہی بچوں کو اہم اپنے وطن میں مناسب پلیٹ فارم فراہم کرکے اقبال کے شاہین بنا سکتے ہیں ۔