ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی کے زیر اہتمام سرٹیفائیڈ میڈیکل ٹیچرز کا پانچواں بیچ مکمل

ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی کے زیر اہتمام سرٹیفائیڈ میڈیکل ٹیچرز کا پانچواں بیچ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام سرٹیفائیڈ میڈیکل ٹیچرز کا پانچواں بیچ فارغ التحصیل ہوگیا۔برٹش کونسل کے انسپائر پراجیکٹ کے بینر تلے اور یونیورسٹی آف لیور پول کے اشتراک سے شروع ہونے والے اس کورس کے 50کامیاب شرکاء کو سرٹیفیکٹ دینے کی تقریب منگل کے روز یو ایچ ایس میں ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نظام الدین نے کہا کہ یہ پروگرام میڈیکل ٹیچرز کی جدید خطوط پر تربیت کیلئے سنگ میل ثابت ہوا ہے اور آنے والے دونوں میں اس کی وجہ سے کلاس روم کلچر تبدیل ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پروگرام کی کامیابی کا سہرا اس کے شرکاء کو جاتا ہے تاہم اس کو مزید ترقی دینے کیلئے وسائل کی ضرورت ہے۔ پروگرام کے فوکل پرسن اور ڈائریکٹر سنٹر آف انوویشن ان لرننگ اینڈ ٹیچنگ ڈاکٹر عارف رشید خواجہ نے کہا کہ اب تک 176میڈیکل ٹیچرز اپنی ٹریننگ مکمل کرچکے ہیں۔ مزید برآں لیور پول یونیورسٹی کی نگرانی میں 9ریسرچ پراجیکٹ بھی اس پروگرام کے تحت مکمل ہوچکے ہیں۔ انھوں نے برٹش کونسل سے درخواست کی کہ وہ یو ایچ ایس کے سرٹیفیکٹ ان میڈیکل ٹیچنگ پروگرام کو برطانیہ میں ہائیر ایجوکیشن ایجنسی سے تسلیم کرانے میں تعاون فراہم کرے۔انھوں نے کہا کہ اس سا ل سے یہ پروگرام ملتان میں شروع کردیا گیا ہے جبکہ جلد ہی راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی اس کا آغاز کیا جائے گا۔ تقریب سے وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم اور برٹش کونسل کی ہاجرہ خان نے بھی خطاب کیا۔