لیڈی ڈاکٹرزاور نرسوں سے بھتہ مانگنے کے مقدمہ کی سماعت، دو گواہوں کے بیانات قلمبند
لاہور(نامہ نگار)انسداددہشت گردی کی عدالت میں لیڈی ڈاکٹرزاور نرسوں کوہراساں کرکے بھتہ مانگنے کے مقدمہ کی سماعت،پروسیکوشن کی جانب سے دو گواہوں نے بیانات قلمبند کرائے، عدالت نے کیس کی مزیدسماعت 16مئی تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہوں کو پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔انسداددہشت گردی کی عدالت نمبر دو کے جج چودھری محمد اعظم نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم عبدالوہاب میوہسپتال کے قریبی علاقے کا رہائشی ہے ، جس نے موبائل سے تصاویر بنا کرلیڈی ڈاکٹرز اور نرسوں کو ہراساں کرکے بھتہ طلب کیا، مقدمے کے حق میں کئی گواہ پہلے ہی بیانات قلمبند کرا چکے ہیں۔
گزشتہ روزدو پولیس اہلکاروں نے ملزم کے خلاف اپنے بیانات قلمبند کرائے، گواہوں کا کہنا تھا کہ ملزم سے برآمد ہونے والے موبائل فون میں لیڈی ڈاکٹرز اور نرسوں کی تصاویر تھیں، جنہیں وہ غلط رنگ دے کر انہیں ہراساں کرتا تھا۔ عدالت نے مزید گواہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کردی ہے۔