سابق ایس ایچ او سمیت 4 سب انسپکٹر زاور اے ایس آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

سابق ایس ایچ او سمیت 4 سب انسپکٹر زاور اے ایس آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج مبشرندیم نے قتل کے کیسوں میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر اقبال ٹاؤن کے سابق ایس ایچ او ابرار حسین سمیت 4 سب انسپکٹر زاور ایک اے ایس آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج مبشر ندیم کی عدالت میں تھانہ اقبال ٹاؤن کا ایک کیس سرکار بنام محمد شہزاد زیرسماعت ہے جس میں عدالت گواہ کے طور پر اقبال ٹاؤن کے سابق ایس ایچ او اور چار سب انسپکٹروں کو طلب کررہی تھی لیکن عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا اس پرعدالت نے سابق ایس ایچ او ابرارحسین ، سب انسپکٹر محمد افضل، محمد ارشد، مشتاق احمد، محمد اصغر، اے ایس آئی محمد امین اور ہیڈ کانسٹیبل حاجی احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو حکم دیا کہ اہلکاروں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل سیشن جج شاہدہ سعید نے قتل کیس میں پیش نہ ہونے پر ایس ایچ او شادباغ مدثر اللہ خان اور تفتیشی انچارج رحمت علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے ڈی ایس پی کو حکم دیا کہ ایس ایچ او کو16مئی کو پیش کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...