قومی کرکٹرزکافٹنس ٹیسٹ 12مئی تک جاری رہے گا

قومی کرکٹرزکافٹنس ٹیسٹ 12مئی تک جاری رہے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا سلسلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہوااور 12 مئی تک جاری رہے گا، احمد شہزاد، سعید اجمل، عمر اکمل اور وہاب ریاض سمیت کئی کھلاڑیوں کے پانچوں ٹیسٹ سیشنز مکمل ہوگئے، منگل کو بیشترکی فٹنس جانچ مکمل ہوجائے گی، اگلے مرحلے میں جونیئرز پر توجہ دیتے ہوئے ڈیٹا مرتب کرلیا جائے گا، عمرے کی ادئیگی کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی رپورٹ کردی ہے،ذرائع کے مطابق این سی اے میں سیشنز کے دوران کئی کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ لینے والی ٹیم اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن کے رویے سے ناخوش دکھائی دیے۔انھوں نے عملے کی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی، فاسٹ بولر وہاب ریاض اور ٹی 20 قائد سرفراز احمد سمیت چند پلیئرز سے نرمی برتی جبکہ دیگر سے سختی کے ساتھ پیش آیا گیا، شدید گرمی میں سخت ٹریننگ کرائی جارہی ہے۔ دوسری جانب ماہر نفسیات اسد رضوی نے فٹنس کیمپ میں شریک کرکٹرز کو لیکچر دیا، انھوں نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں کے دوران دباؤ میں بہتر پرفارم کرنے کا سبق پڑھایا، اسد رضوی نے کہا کہ اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے مشکل حالات میں بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے سے ہی کامیابی حاصل ہوسکتی ہے، لیکچر میں موجود کرکٹرز نے ان سے سوالات بھی کیے۔