ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عمراکمل اوراحمدشہزادکوڈراپ کرناضروری تھا،رانانویدالحسن

ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عمراکمل اوراحمدشہزادکوڈراپ کرناضروری ...

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر رانا نوید الحسن نے کہا ہے کہ قومی کرکٹرزعمر اکمل اور احمد شہزاد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر دورہ انگلینڈ میں ڈراپ کروانا ضروری تھا تاکہ دونوں کرکٹرز کو اپنی غلطی کا احساس ہو اور وہ مستقبل میں محتاط رہیں ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا نوید الحسن نے کہاکہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ وہ کسی کلب کی سطح کے کرکٹر نہیں ہیں بلکہ وہ ملک کی نمائندگی کررہے ہیں اور ان کی کوئی بھی حرکت قومی ٹیم اور ملک کے لئے بدنامی کا باعث بن سکتی ہے ۔عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پوری قوم سے اور بورڈ سے معافی مانگنی چاہئے اور اپنے رویئے میں بہتری لاکر اور محنت کرکے ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانی چاہئے ۔رانا نوید الحسن نے کہاکہ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو ریسٹ کرواکر نئے کھلاڑیوں کو چانس دینے کا فیصلہ بھی بہترین ہے۔شاہد آفریدی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور صرف ٹی ٹونٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں لیکن پاکستان کے آئندہ غیرملکی دوروں میں قومی ٹیم نے کم ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں اور شاہد آفریدی کو ریسٹ دینا ضروری تھا ۔انہوں نے کہاکہ مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ اور انضمام الحق کو چیف سلیکٹر مقرر کرکے پی سی بی نے قومی ٹیم میں بہتری لانے کے درست اقدامات شروع کردیئے ہیں اور امید ہے کہ دونوں میرٹ پر فیصلے کریں گے اور قومی ٹیم میں بہتری آئے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...