بلدیاتی اداروں کے اختیارات عوامی کمپنیوں کو تفویض کرنے کے اقدام کیخلاف دائر درخواست پر سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن کو جواب داخل کرانے کا آخری موقع

بلدیاتی اداروں کے اختیارات عوامی کمپنیوں کو تفویض کرنے کے اقدام کیخلاف دائر ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات عوامی کمپنیوں کو تفویض کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن کو جواب داخل کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی محمودالرشید کے وکیل شیراز ذکاء نے موقف اختیار کیا کہ آئین پاکستان کے تحت صوبائی حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود، جمہوریت اور اداروں کے استحکام کے لئے اپنے اپنے صوبوں میں بلدیاتی اختیارات بلدیاتی اداروں کو تفویض کرنے کی پابند ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے باوجود حکومت پنجاب آئین سے انحراف کرتے ہوئے ضلعی حکومتوں کے اختیارات استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بن چکا ہے، حکومت غیر آئینی طور پر خود کاروبار کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مسلم لیگ (ن)کے ارکان اسمبلی کو عوامی کمپنیوں کا سربراہ بنا رکھا ہے جو کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے حکومت پنجاب کے سیاسی مفادات کو تحفظ دے رہے ہیں۔سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن کے وکیل نے جواب داخل کرانے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن کو جواب داخل کرنے کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12مئی تک ملتو ی کر دی۔

مزید : علاقائی


loading...