نواز شریف سے جنرل راحیل شریف کی ملاقات ،قومی اسمبلی اور آئی ڈی پیز کی واپسی پر تبادلہ خیال

نواز شریف سے جنرل راحیل شریف کی ملاقات ،قومی اسمبلی اور آئی ڈی پیز کی واپسی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن، اے این این )وزیراعظم نوازشریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں ملک کی سکیورٹی صورتحال اور اہم قومی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں قومی سلامتی کے امور ، ملک میں امن وامان کو مستحکم بنانے کیلئے پائیدار کوششوں ،آئی ڈی پیز کی واپسی اور بارڈر سکیورٹی کی صورتحال پر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک کی سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قیام امن کی کوششوں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ترجمان کامزید کہناتھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔میڈیارپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل کی گئی کامیابیوں اور کراچی آپریشن کو جاری رکھنے پر بھی گفتگو کی ۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کے حوالے سے بریف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کراچی آپریشن کی رفتار اور اس میں اب تک حاصل کئے گئے اہداف کو تسلی بخش قرار دیا اور اس کو مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ادھرنجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم سے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھیں پیغام دیا کہ ملکی مفاد میں پاناما لیکس کی تحقیقات جلد مکمل ہونی چاہیے کیونکہ اس کے اثرات ملکی سلامتی اور سکیورٹی چیلنجزپر پڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور شفافیت کیلئے سب کو کام کرنا ہے۔ دوسری طرف وفاقی و زیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں پاناما کا ذکر نہیں آیا خبریں بے بنیاد ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر سے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں پاناما کا ذکر بالکل بھی نہیں آیا اس حوالے سے میڈیا پر آنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

مزید :

صفحہ اول -