سلواکیہ،غیر قانونی تارکین وطن کی گاڑی پر فائرنگ،شامی مہاجر خاتون زخمی

سلواکیہ،غیر قانونی تارکین وطن کی گاڑی پر فائرنگ،شامی مہاجر خاتون زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


براٹساویلا(این این آئی)سلوواکیہ کسٹم آفیسرز کی فائرنگ سے ایک تارک وطن خاتون زخمی ہو گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتا یا کہ فائرنگ اس وقت کی گئی جب ایک کار میں سوارغیر قانونی تارکین وطن نے ہنگری کے راستے سلوواکیہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔اس واقعے میں زخمی ہونے والی مہاجر خاتون کا تعلق شام سے تھا۔ یہ خاتون اس وقت زخمی ہو گئی تھی جب سلوواکیہ کسٹمز کے اہلکاروں نے ایک ایسی کار پر فائرنگ کر دی جو غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر ہنگری کے ذریعے سلوواکیہ کی حدود میں داخل ہوئی۔
مہاجرین اور تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر اپنی حدود میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے مختلف یورپی ممالک کے سکیورٹی حکام کی جانب سے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال تو کیا جاتا رہا ہے لیکن شینگن زون میں غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے کے لیے ان پر فائرنگ کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔سلوواکیہ کے کسٹم حکام کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کسٹم کے اہلکار سلوواکیہ کی حدود میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو روک کر تلاشی لے رہے تھے۔
اس دوران سرحد پر چار کاریں پہنچیں۔ حکام نے جب انہیں روکا تو تین کاریں تو رک گئیں لیکن چوتھی کار کے ڈرائیور نے سکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گاڑی بھگا دی۔حکام کا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے جس رفتار اور انداز سے کار بھگانے کی کوشش کی، اس سے تین سکیورٹی اہلکاروں کی جان خطرے میں تھی۔ پریس ریلیز کے مطابقاہلکاروں نے پہلے وارننگ دینے کے لیے ہوائی فائرنگ کی تاہم جب گاڑی نہیں رکی تو کار پر فائرنگ کرنا پڑی جس سے ایک خاتون زخمی ہو گئی۔‘‘ پریس ریلیز میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔رخمی خاتون اور دیگر مسافروں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والی تارک وطن کا تعلق شام سے ہے اور اس کی عمر چھبیس سال ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والی خاتون کی پشت پر گولی لگی۔ خاتون کا آپریشن کر کے گولی نکال دی گئی ہے اور اب اس کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔

مزید :

عالمی منظر -