حلب میں ہلاک ایرانیوں میں جنرل سلیمانی کا دست راست شامل

حلب میں ہلاک ایرانیوں میں جنرل سلیمانی کا دست راست شامل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


دبئی(آن لائن)ایرانی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں شام کے شمالی شہر حلب میں خان طومان کے مقام پر ہونے والی لڑائی میں مارے جانے والے ایرانیوں میں پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم ایلیٹ فورس فیلق القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کا اہم ترین قریبی ساتھی شفیق شفیع بھی شامل ہے۔ عرب ٹی وی نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مقتول ایرانی فوجی افسر شفیق شفیع گذشتہ تین برس سے حلب میں جاری لڑائی میں شریک رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسد رجیم شفیعی کی میت باغیوں سے لینے کی کوشش کررہی ہے مگر ابھی تک باغیوں نے اس کی میت شامی فوج کے حوالے نہیں کی ہے۔خیال رہے کہ خان طومان قصبے پر شامی انقلابیوں نے گذشتہ جمعہ کو قبضہ کرلیا تھا۔ جنوب مغربی حلب کے دفاعی اعتبار سے اہم ترین علاقے خان طومان میں لڑائی میں ایرانی جنگجوؤں اور شامی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ ایران حلب میں ہلاکتوں پر سیخ پا ہے اور اس نے بدلہ لینے کی بھی دھمکی دی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ[مجلس شوریٰ] میں دفاعی کمیٹی کے چیئرمین اسماعیل کوثری نے ایک بیان کہا ہے کہ جیش الفتح نامی شامی باغی گروپ نے چھ ایرانی فوجیوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ پارلیمنٹ میں ایک بیان میں اسماعیل کوثری نے بتایا کہ حلب میں حالیہ لڑائی کے دوران مزارات کی حفاظت پر مامور 13 ایرانی رضاکار ہلاک ، 18 زخمی اور پانچ یا چھ ایرانیوں کو یرغمال بنایا گیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -