پیر محل ،اپلائیڈ فارموٹر سائیکلوں کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری
پیرمحل(نمائندہ خصوصی+نمائندہ پاکستان )ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کا اپلائیڈ فار موٹر سائیکلوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ۔تفصیل کے مطابق ڈویژن کے دیگر اضلاع اور تحصیلوں کی طرح پیرمحل میں بھی گزشتہ کئی روز سے ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کا اپلائیڈ فار موٹرسائیکلوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اہلکار روزانہ کی بنیاد پر دوران ڈیوٹی متعدد اپلائیڈ فار موٹرسائیکلوں کی تھانہ صدر پیرمحل بندی کروارہے ہیں ۔مذکورہ جاری آپریشن بارے انچارج ہائی وے پیٹرولنگ پولیس محمد عامر کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد کسی کو انتقامی کاروائی کانشانہ بنانا نہیں مگر قانون پر سختی سے عمل درآمد ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔اگر کوئی شہری نیو برانڈ موٹر سائیکل خرید کرتا ہے تو اس کی فوری رجسٹریشن کویقینی بنانا بھی از حد ضروری ہے کیونکہ اپلائیڈ فار موٹر سائیکلیں جرائم پیشہ افراد چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں استعمال کر تے ہیں ۔شاہراؤں پر عوام کو محفوظ سفر فراہم کرنے کیلئے پولیس گشت کو مزیدبہتر بنا دیا گیا ہے مگر کو ئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی وساطت سے عوام کو آگاہی دینا چاہتے ہیں کہ اپنے ٹریکٹر ٹرالیوں ،ویگنوں اور موٹر سائیکلوں پر لگے پریشر ہارن اور ٹیپ ریکارڈرز کو خود بخود اتاردیں وگرنہ بلا امتیازمقدمات کا اندراج کروا دیا جائے گا ۔