پھول نگر:پولیس مقابلے میں ہلاک ہونیوالے 2ڈاکوؤں کی شناخت

پھول نگر:پولیس مقابلے میں ہلاک ہونیوالے 2ڈاکوؤں کی شناخت

پھول نگر(نمائندہ خصوصی)27اپریل کو سرائے چھینبہ کے نواح میں واقع ٹیکسٹائل فیکٹری سے 1کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہونے کے بعد پولیس مقابلے میں ہلاک ہو جانے والے دو ڈاکوؤں کی شناخت ہوگئی ۔تاہم پولیس ابھی اُن کے نام صیغہ راز میں رکھ رہی ہے ۔قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے ڈاکوؤں کا تعلق بہاولنگر کے نواحی گاؤں سے تھا اُن کے ہمراہ دیگر چار ساتھی بھی تھے جو پولیس مقابلے کے دوران اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔مرنے والے ڈاکوؤں اور اُن کے فرار ہونے والے ساتھیوں نے فیکٹری میں اپنے سہولت کاروں کے پاس کچھ دیر قیام کیا اور پھر تنخواہوں کی ادائیگی کے وقت بڑی رقم لوٹ لی ۔مگر پولیس کے بروقت موقع پر پہنچ جانے کی وجہ سے وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکے۔مرنے والے ڈاکوؤں سے برآمد ہونے والے موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے مقامی پولیس نے درجنوں مقامات پر ریڈ کئے اور شواہد اکٹھے ہونے پر گزشتہ روز فیکٹری سے مذکورہ دو سہولت کاروں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق مرنے والے ڈاکوؤں کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔اس ضمن میں جلد ہی کامیابی متوقع ہے جس کے بعد پولیس حکام پریس کانفرنس میں تمام حقائق اور واقعات سامنے لائیں گے۔

مزید : علاقائی


loading...