روزانہ اربوں کی کرپشن نے ملکی معیشت دھندلا کر رکھ دی‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب
ملتان (سٹی رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ افسوس کامقام ہے کہ حکمران خاندان سمیت562افراد(بقیہ نمبر20صفحہ12پر )
کے آف شور کمپنیوں میں50ارب ڈالر سے زائد کے اثاثے بیرون ملک پڑے ہیں۔پانامالیکس کے مطابق259کمپنیوں کے 400 سے زائد پاکستانی مالکان میں کراچی کے153،لاہور کے108سیاستدانوں ، تاجروں،بیوروکریٹس اور دیگر کے نام پوری قوم کے سامنے آچکے ہیں۔جوڈیشل کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک وقوم کی لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس اور ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن ایک ناسور کی صورت اختیارکرچکی ہے۔روزانہ اربوں ڈالر کی کرپشن نے ملکی معیشت کو مفلوج اور ترقی کی راہ کو دھندلاکے رکھ دیا ہے۔لوگوں کو اپنے جائزکام کروانے کے لئے بھی رشوت دینی پڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف سڑکوں پر ہے اور لوگوں میں شعور بیدار کررہی ہے۔ہم23مئی کو کراچی تاپشاور ٹرین مارچ کریں گے۔پانامالیکس نے سب کو بے نقاب کردیا ہے۔ایوانوں میں بیٹھے لوگ اضطراب کاشکار ہیں۔وہ وقت دور نہیں جب صاف شفاف اور بے داغ کردار کے حامل لوگ اسمبلیوں میں آئیں گے۔67برسوں سے جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار18کروڑ عوام کی تقدیر کے مالک بنے بیٹھے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم خود پر اور اپنے خاندان پرلگنے والے الزامات کی وضاحت کریں۔ملک میں بلاتفریق سب کا احتساب ہونا چاہئے۔وزیر اعظم نوازشریف کا پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں مسلسل غیر حاضررہناافسوس ناک اور لمحہ فکریہ ہے۔