ڈاکٹر اسحاق انصاری کی خدمات اور کام امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں: مجیب الرحمٰن شامی

ڈاکٹر اسحاق انصاری کی خدمات اور کام امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں: مجیب الرحمٰن شامی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) پروفیسر ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری مرحوم کی یاد اور عالم اسلام کے لئے اعلیٰ خدمات اور انتھک کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ادارہ تحقیقات اسلامی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا۔ ریفرنس میں ڈائریکٹرجامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ،روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی، اویس احمد لغاری ممبر قومی اسمبلی، ڈاکٹر ایس ایم زمان ،ڈاکٹر خالد مسعود، صاحبزادہ ساجد الرحمن، ڈاکٹر ضیا الحق، ڈاکٹر بشیر خان،ڈاکٹر سہیل حسن خان ڈاکٹر محمد منیر ،خورشید ندیم سمیت علماء سکالرز، دانشوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ان کی یادوں کو تازہ کیا ۔اس موقع پر ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ یونیورسٹی ایک عظیم انسان کی سرپرستی سے محروم ہو گئی ہے۔ ڈاکٹر انصاری کی وفات یونیورسٹی اور امت مسلمہ کے لیے کسی بڑے سانحہ سے کم نہیں۔ وہ عملی مسلمان اور اچھے انسان تھے جنہوں نے یونیورسٹی کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کئے۔ ڈاکٹر معصوم نے کہا کہ ان کے شروع کیے ہوئے تعلیمی پروگرام بین المذاہب مکالمہ اور تبادلہ فکر کو جاری رکھا جائے گا۔ چیف ایڈیٹر روز نامہ’’ پاکستان ‘‘مجیب الرحمن شامی نے مرحوم کی زندگی کے مختلف درخشاں پہلوؤں پر روشنی ڈالی اورکہا کہ ان کی زندگی حسن سلوک ، تحمل ، بردباری اور محبت جیسے اعلیٰ اوصاف سے مزین تھی۔ ڈاکٹر انصاری کی خدمات اور کام امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کم وبیش پچاس سال علمی ، تحقیقی اور انتظامی امور میں انتھک خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ تاریخ عالم، مذاہب ،قانون، سماجیات، عقلیات ، منطق و فلسفہ سمیت دیگر علوم میں کثیر کتابوں کے مصنف تھے اور وسیع علم و تحقیق کا ورثہ اور کتب کا ذخیرہ چھوڑ کر گئے ہیں۔