صوبے کے تمام تھانوں اور سکولوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ، پرویز خٹک

صوبے کے تمام تھانوں اور سکولوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا ...

 پشاور(پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے گزشتہ دو سال کے مختصر عرصے میں صوبے سے بدعنوانی کے خاتمے ، اداروں کی بحالی اور بہترین طرز حکومت کو فرو غ دینے کیلئے تمام شعبہ جات میں قابل عمل اصلاحات کی ہیں جس سے معاشرے کے کمزور و غریب طبقات کو خدمات کی بہترین فراہمی ممکن ہو رہی ہے ۔ مزید برآں صوبے میں ڈونرز اور سرمایہ کاروں کو مطلوبہ تعاون اور بھر پور سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کے منصفانہ استعمال کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی ڈپٹی ہیڈ اینڈ ہیڈآف بیسک سروسز گروپ جیوڈتھ ہر برٹسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان، صوبائی محکموں اطلاعات، صحت اور داخلہ کے انتظامی سیکرٹریز، سینئر ممبر بور ڈ آف ریونیو اور صاحبزادہ سعید بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ملاقات میں فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے اُمور اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے تعلیم، صحت ، پولیس اور دیگر محکموں میں صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات اور بد عنوانی کے خاتمے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور اس سلسلے میں طویل المدتی حکمت عملی تشکیل دینے کے حکومتی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی طرف سے تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا مزید برآں انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت کے مختلف شعبہ جات خصوصاً صحت ، تعلیم، سیاحت ، پولیس اور سپورٹس کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات اور مستقبل کے پلان پر تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور باہمی دلچسپی کے پہلوؤں پر مفصل تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات اور اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے کی گئی کوششوں کو مزید مو ثر بنانے کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور اسے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے موزوں قرار دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی حکومت کی دو سالہ کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حکومت نے عوامی اُمنگوں اور اُن کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی سیاست کی جگہ بہترین طرز حکومت کو فروغ دیا ہے انہوں نے کہاکہ تمام صوبائی اداروں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سو سے زائد قوانین اور ترامیم عمل میں لائی گئی ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی اداروں کو اختیارات دے کر ان میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا گیا ہے تاکہ وہ خوش اسلوبی کے ساتھ عوام کی خدمت کر سکیں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اختیارات حقیقی معنوں میں مقامی سطح تک منتقل کئے گئے ہیں اور ترقیا تی بجٹ کا تیس فیصد مقامی حکومتوں کو فراہم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے تمام تھانوں اور سکولوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہترین پو لیسنگ اور تعلیم و تدریس کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں اور عملے کی تربیت کیلئے بین الاقوامی اداروں کی معاونت کو خوش آمدید کہیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبے میں صنعتوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے بھر پور اقدامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں صنعتی پالیسی کے تحت پرکشش مراعات دی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے میں وسائل کے منصفانہ اور نتیجہ خیز استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے جو خواہشمند ڈونرز اور سرمایہ کاروں دونوں کیلئے مثبت پہلو ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کو صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات پر مشتمل کتابچے پیش کئے جسے برطانوی ہائی کمشنر نے گرانقدر تحفہ قرار دیا۔

مزید : پشاورصفحہ اول


loading...