شبقدر میں میڈیا سنٹر پر نامعلوم افراد کادھاوا
چارسدہ (بیورورپورٹ)شبقدر چوک میں واقع شبقدر میڈیا سنٹر پر نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں دھاوا بول دیا۔ میڈیا سنٹر میں توڑ پھوڑ کرکے ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، کیمرے اور صحافتی ٹولز اٹھا کر لے گئے ۔ صحافیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ ڈی پی او چارسدہ نے تین دن کے اندر اندر واقع میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی اور ریکوری کی یقین دہانی کرادی ۔ تفصیلات کے مطابق شبقدر چوک میں واقع مختلف ٹی وی چینلز،اخبارات اور ریڈیو کے نمائندوں کیلئے قائم شبقدر میڈیا سنٹر پر گزشتہ رات نامعلوم ملزمان نے دھاوا بول دیااور میڈیا سنٹر کے اندر توڑ پھوڑ کرکے لاکھوں روپے مالیت کے کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، کیمرے اورصحافیوں کے دیگر ضروری اشیاء کو اٹھا کر لے گئے جس کی وجہ سے صحافی حضرات بے دست وپا رہ گئے ۔ شبقدر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔ بعدازاں شبقدر میڈیا سنٹر کے صدر نادر شاہ ، جنرل سیکرٹری عرفان اللہ ، سینر نائب صدر نادر صافی ، گل کریم مٹہ ، زبیر حلیم زئی ، مریب خان مہمند ،چارسدہ پریس کلب کے سینئر صحافیوں سبز علی خان ترین اور سرتاج خان نے ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد سے ملاقات کی اور واقعہ کے حوالے سے ڈی پی او کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ ڈی پی او چارسدہ نے وفد کو یقین دلایا کہ تین دن کے اندر اندر واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرکے ریکوری بھی یقینی بنائی جائیگی ۔