عوام پر گزشتہ 3دہائیوں سے مسلط کرپٹ حکمرانوں کا یوم حساب آگیا ، عاطف خان

عوام پر گزشتہ 3دہائیوں سے مسلط کرپٹ حکمرانوں کا یوم حساب آگیا ، عاطف خان

 پشاور( پاکستان نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیرابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ عوام پر گزشتہ تین دہائیوں سے مسلط کرپٹ حکمرانوں کا یوم حساب آگیا ہے اور اب وہ بے رحمانہ احتساب سے بچ نہیں سکتے کیونکہ پانامہ لیکس نے ان کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران پانامہ لیکس سے متعلق عوام کو مطمئن کرنے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اوراپنادامن بچانے کے لئے اپنی مرضی کے کمیشن بنانے پر بضد ہیں لیکن عوام انہیں کسی صورت اپنے مزموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا کرپشن کے خلاف زیر ہ ٹالرینس ہے اورپارٹی منشو ر میں کرپشن کے خلاف جہاد سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تباہی و بربادی کی بڑی وجہ کرپشن ہے اگر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑدیاگیا تو ہر قسم کے وسائل سے مالا مال اس مملکت خداداد کو کوئی ترقی و خوشحالی کی منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتا۔انہوں کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی حوصلہ افزاء ہے کہ اپوزیشن کی تقریباً تمام جماعتیں کرپشن کے خلاف متحد ہیں اور ان کی یہ کوششیں ضرور رنگ لائیں گی۔عاطف خان نے کہا کہ پانامہ لیکس سے واضح ہو گیا ہے کہ کرپٹ حکمران ٹولے نے خزانے کو شیر مادر سمجھ کر بے دردی سے لوٹا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمران یہی پیسہ ملک میں خرچ کرتے تو آج ہم ملک چلانے کے لئے کشکول ہاتھ میں لے کر بھیک نہ مانگتے اور ملک کا بچہ بچہ مقروض نہ ہوتا۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں کے مسائل بھی سنے اور بعض پر متعلقہ حکام کواحکامات جاری کئے ۔ حلقے کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنا اور علاقے کی ترقی کے لئے کام کرنا احسان نہیں بلکہ یہ عوام کا حق ہے اور انہیں یہ حق دلانے میں کوئی کسر نہیں چھو ڑینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کے ساتھ کئے گئے تبدیلی لانے کے وعدے میں 80فی صد تک کامیابی حاصل کی ہے اور حکومت اور اس کی مشینری کو براہ راست عوام کے سامنے جوابدہ بنا دیا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ اول


loading...