علی حیدر گیلانی کی بحفاظت واپسی حق و سچ کی فتح ہے، پیپلز پارٹی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز ڈاکٹر کریم خواجہ، اعجاز دھامراہ اور انجینئر گیان چندنے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بخیرو عافیت بازیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے گیلانی خاندان، پیپلز پارٹی کے رہنماوں اور کارکنان سمیت پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ گیلانی خاندان سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کی پوری قیادت اور کارکنان پاکستانی قوم کے ممنون ہیں جنھوں نے شہباز تاثیر اور علی حیدر گیلانی کی بخیروعافیت گھر واپسی کے لیے دعائیں کیں جنھیں اللہ تعالی نے شرف قبولیت بخشا۔انھوں نے افغان حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا ۔پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ شہباز تاثیر اور علی حیدر گیلانی دونوں خاندانوں کا سیاسی تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے جو ہمیشہ سے انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار رہی ہے اور اس کی پاداش میں جہاں ایک طرف محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا تو دوسری جانب پی پی پی سے تعلق رکھنے والے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو بھی شہید کردیا گیا اور ان کے جواں سال بیٹے شہباز تاثیر کو اغوا کرکے افغانستان لے جایا گیا اور اس کے بعد علی حیدر گیلانی کو بھی 9مئی2013کو ان کے گھر کے قریب سے اغوا کرکے افغانستان لے جایا گیا۔انھوں نے کہا کہ دونوں نوجوانوں کی بحفاظت واپسی درحقیقت حق اورسچ کی جیت ہے۔ انھوں نے انتہا پسندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں پر بندوق کے زور پر اپنی مرضی کا اسلام مسلط کرنے سے باز رہیں اور توبہ کرکے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیں وگرنہ وہ دہشت گردوں کے انجام کو اپنے سامنے رکھیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اپنے موقف میں رتی برابر بھی تبدیلی نہیں لائے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔