عاصم حسین نے بھارت میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی ،انور منصور خان

عاصم حسین نے بھارت میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی ،انور منصور خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیرپیٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل انور منصور خان نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نے ہندوستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی ہے۔ یہ بالکل بے بنیاد خبر ہے کہ گلوبل میڈیکل سینٹر کے نام سے ان کا کوئی اسپتال بھارت کے شہر بنگلور میں زیرتعمیر ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف اگر کوئی ثبوت ہے تو اسے میڈیا میں اچھالنے کی بجائے عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے منگل کو ذرائع ابلاغ میں نیب ذرائع سے شائع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہے جس کا مقصد میرے موکل کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انور منصورخان نے نیب کے ذرائع سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کسی بھی طرح کی غیرقانونی رقم کی ترسیل میں ملوث نہیں ہیں۔ انہوں نے نیب کے چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو نیب ایکٹ کے تحت قواعد وضوابط کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹر عاصم حسین نیب کی تحویل میں ہے اور نیب قوانین کے تحت ان کا مقدمہ زیرسماعت ہے تو میرے موکل کی میڈیا ٹرائل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ہتھکنڈے نیب کی تحقیقات پر ایک سوالیہ نشان ہے کہ اس لیے نیب میرے موکل پر بنائے جانے والے خودساختہ کیسز پر کچھ بھی ثابت کرنے سے قاصر رہی ہے۔ انور منصورخان نے کہا کہ نیب کو شفاف طریقے سے اس کیس کی کارروائی کرنی چاہیے کیونکہ اس قسم کے بے بنیاد الزامات بدنیتی کے زمرے میں آتے ہیں۔