پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ پولیس کے مختلف پروجیکٹس اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، سرویلنس کیمروں کے تحت سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مذید ضروری احکامات دیئے گئے۔اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ذوالفقار لاڑک ، ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی عمران یعقوب منہاس ، ڈی آئی جی سیکیورٹی/ کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد میمن ، ڈائریکٹر آئی ٹی سندھ پولیس تبسم عابد اور اے آئی جی ایڈمن عدیل احمد چانڈیو نے شرکت کی ۔اجلاس کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور سرویلنس کیمروں کی پولیس سیکیورٹی امور و اقدامات میں افادیت و دیگر پر ڈی آئی جی سیکیورٹی / کمانڈنٹ ایس ایس یو نے جبکہ سندھ پولیس کے تحت جاری مختلف پروجیکٹس پر خصوصی حوالوں پر ڈائریکٹر آئی ٹی نے تفصیلی بریفنگ دی ۔آئی جی سندھ نے اس موقع پر ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو جدید اور موثر بنانے کے لیے نہ صرف مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی اپ گریڈیشن کی جائے بلکہ ممکنہ خراب سرویلنس کیمروں کی مرمت / تبدیلی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں اور اس حوالے سے جملہ سفارشات ترتیب دیکر برائے ملاحظہ ارسال کی جائیں ۔