اورنگی ٹاؤن،رکشہ سے اسلحہ گولیاں برآمد ،5ملزمان گرفتار

اورنگی ٹاؤن،رکشہ سے اسلحہ گولیاں برآمد ،5ملزمان گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں اسبیپ چیکنگ کے دوران رکشہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہزاروں گولیاں برآمد کر کے 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمان شہر میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لیے اسلحہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہے تھے۔ یہ بات ایس پی اورنگی علی آصف نے منگل کو اپنے آفس میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی ہزارہ چوک کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران چوکی انچارج محمد وحید نے مشکوک دیکھتے ہوئے رکشہ D1508853 کو روکا اور اس میں سوار 5 مشتبہ افراد کی تلاشی لی اور رکشے میں موجود بوریوں کی جانچ پڑتال کی گئی تو پتا چلا کہ بوریوں میں اسلحہ اور بڑی تعداد میں گولیاں موجود ہیں تاہم پولیس پارٹی نے پانچوں مشتبہ افراد شمشیر خان آفریدی ولد خان امیر، شیردان آفریدی ولد معروف خان، صدام حسین آفریدی ولد سید رحمن، محمد ولی عرف طور ولد نسیم خان اور عمران عرف لال پٹھان ولد سید جمشید خان کو گرفتار کرلیا۔ بوریوں سے ملنے والے اسلحے میں 2 عدد نائن ایم ایم، ایک عدد 30پستول، ایک عدد رپیٹر، 2عدد کلاشنکوف میگزین، مختلف بور کی 2ہزار328 گولیاں برآمد کرلی ہیں۔ملزمان قتل، اقدام قتل، لینڈ مافیا، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، منشیات فروشی جیسی سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان سے پکڑے جانے والے اسلحہ کی فرانزک لیبارٹری میں جانچ کی جارہی ہے تاہم ان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ملزمان سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔ ایس پی اورنگی علی آصف نے بتایا کہ اچھی کارکردگی پر پولیس پارٹی کو سی سی 111 اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

مزید : کراچی صفحہ آخر


loading...