کروڑوں عوام کی دولت چند خاندانوں کی تجوریوں میں بند ہے ،سہیل عباسی

کروڑوں عوام کی دولت چند خاندانوں کی تجوریوں میں بند ہے ،سہیل عباسی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے ترجمان سہیل عباسی نے کہا ہے کہ سلمان تاثیر کے بیٹے کے بعد اب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر گیلانی خاندان کو مبارکباد دیتے ہیں۔ مقتدر طبقات اور سیکورٹی ایجنسیوں نے جس طرح کی کوششیں ان دونوں کی لئے کی ہیں کاش پاکستان میں وہ دن بھی آئے جب غریبوں عوام کے گمشدہ بچوں کیلئے بھی ایسی ہی تگ و دو دیکھنے کو ملے ۔تاثیر اور گیلانی خاندان شکرانے کے طور پر ملک میں رائج استحصالی نظام کے خاتمے کیلئے سچے دل سے جدوجہد کریں تاکہ جس کرب کا سامنا انہیں سالوں کرنا پڑا آئیندہ کوئی امیر یا غریب خاندان اس درد سے ایک دن بھی نہ گزرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے ایک ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر وسیم خٹک ،فرقان یوسف ،شاکر حسین ،امین الرحمان اور کامران حسین بھی موجود تھے ۔سہیل عباسی نے پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے راولپنڈی میں کامیاب احتجاجی مظاہرہ کرنے پر یوتھ ونگ کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی،انہوں نے کہا کہ کروڑوں عوام کی دولت چند خاندانوں کی تجوریوں میں بند ہے ۔پاک فوج کی نگرانی میں احتساب کا موثرنظام بنایا جائے جو ہر بدعنوان شخص کو پکڑ سکے ۔چونکہ وزیر اعظم کے خاندان نے اپنے غیر ملکی اثاثوں کا اعتراف کیا ہے اور یہ کہ وہ ملکی خزانے پر امین ہیں اس لئے احتساب کا یہ عمل سب سے پہلے ان سے شروع کیا جائے ۔