آئی جی پی نے پولیس افسروں کو دہشتگردوں اور اشتہاری ملزموں کیخلاف نمایاں کاکردگی پر انعامات دیئے

آئی جی پی نے پولیس افسروں کو دہشتگردوں اور اشتہاری ملزموں کیخلاف نمایاں ...

 پشاور( کرائمز رپورٹر )انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں کوہاٹ پولیس کے افسروں و جوانوں کو دہشت گردوں اور اشتہاری ملزموں کے خلاف بہترین نمایاں کارکردگی پر نقد انعامات اورتوصیفی اسناد سے نوازا۔تفصیلات کے مطابق پچھلے دنوں اشتہاری مجرم معمور شاہ نے فلائنگ کوچ کے ڈرائیور کو بے دردی سے قتل کیا اور بعد ازاں بیرونی ملک فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اُسی روز پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ مذکورہ اشتہاری وطن واپس آکر منیر شاہ عرف پتھو پیر کے ڈیرے پر موجود ہے۔ پولیس نے مذکورہ کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارکر بدنام زمانہ اشتہاری معمورشاہ اور چھ دیگر مشتبہ افراد بشمول منیر شاہ عرف پتھو پیر کو گرفتار کرکے اُن سے 5 عدد ایس ایم جیز، ایک کلاشنکوف، 4عدد پستول، 33 میگزین اور 100 عدد راؤنڈز برآمد کئے۔ اسی طرح پولیس اسٹیشن لاچی کے اہلکاروں نے ایک کاروائی کے دوران دہشت گردی کے متعدد واردات میں ملوث اشتہاری ملزم سیفل محمد کو گرفتار کرکے اُن سے ایک عدد کلاشنکوف، دو عددھینڈ گرینڈز اور بارودی مواد برآمد کیا تھا۔ مزکورہ دونوں کامیاب کاروائیوں پر مقامی لوگوں نے کوہاٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کاروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے پروایکٹیو پولیسنگ پر کوہاٹ پولیس کی تعریف کی اور اُن پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ ملکر جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں عمل میں لائیں اور اُمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی شرپسندوں اور اشتہاری ملزموں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے کامیابیاں حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ آئی جی پی نے بہترین نمایاں کارکردگی پر اے ایس پی کوہاٹ محمد شعیب ، ایس ایچ اُو پولیس اسٹیشن لاچی راضی گل، اے ایس آئی جابر خان تھانہ جنگل خیل اور اے ایس آئی فیاض خان تھانہ کوہاٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...