سینٹارس کو بدنام کرنے کی کوششیں باعث تشویش ہیں: صدر اسلام آبادچیمبر

سینٹارس کو بدنام کرنے کی کوششیں باعث تشویش ہیں: صدر اسلام آبادچیمبر

اسلام آباد( آن لائن ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے بعض عناصر کی وجہ سے سینٹارس کو بدنام کرنے کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہو گی اور معیشت کو نقصان پہنچے گا لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم منصوبے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ سینٹارس ایک قومی اہمیت کا منصوبہ ہے جو نہ صرف وفاقی دارالخلافہ بلکہ پاکستان کی پہنچان کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید تعمیراتی منصوبے نے عالمی معیار کے مطابق اسلام آباد میں ایک نیا لائف سٹائل اور کمرشل سرگرمیوں کا ایک جدید رجحان متعارف کرایا ہے۔ تاہم چند عناصر اس عظیم منصوبے کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے درپہ ہیں جو بہت افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹارس منصوبے نے اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان میں لائی ہے، ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے اور یہ منصوبہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لیکن اس کے مثبت کردار کے باوجود چند عناصر کی طرف سے اس کے خلاف مہم چلانا ایک سازش کا شاخسانہ لگتا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سینٹارس کو بدنام کرنے کی سازشوں کا نوٹس لے اور ان عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائے۔خالد اقبال ملک نے کہا کہ حکومت سینٹارس سمیت قانون کی پابندی کرنے والے اور قانونی تقاضے پورے کر کے ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے تمام سرمایہ کاروں کے کاروباری مفادات کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کیلئے ایک نئی حکمت عملی وضع کرے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اور دیگر اہم ترقیاتی منصوبی کی تکمیل کیلئے پاکستان کو نئی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے لہذا پاکستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے یہ ضروری ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کے مفادات کو پورا پورا تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سینٹارس کے کاروباری مفادات کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس تاریخی منصوبے کو بدنام کرنے کی کوششوں کو ناکام نہ بنایا گیا تو اس سے ملکی معیشت کیلئے بہت نقصان دہ نتائج برآمد ہوں گے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کو کسی بھی نقصان سے بچانے کیلئے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ #/s#

مزید : کامرس