امریکی صدرنے فلسطینی اراضی کے دورے کی دعوت قبول کر لی،صدرمحمود عباس

امریکی صدرنے فلسطینی اراضی کے دورے کی دعوت قبول کر لی،صدرمحمود عباس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مقبوضہ بیت المقد (این این آئی)فلسطینی صدر محمود عباس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد ہی فلسطینی اراضی کا دورہ کریں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ ٹرمپ نے بیت لحم کے دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔فلسطینی صدر کے مطابق وہ ٹرمپ کی سرپرستی میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتنیاہو سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔رام اللہ میں اپنے جرمن ہم منصب فرینک والٹر شٹائنمائرکے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں محمود عباس کا کہنا تھا کہ میں نے جرمن صدر کو ان تمام کوششوں سے آگاہ کر دیا ہے جو ہم فلسطینی قوم کی آزادی اور خود مختاری کے واسطے کر رہے ہیں۔ بالخصوص گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات جنہوں نے ہماری دعوت قبول کر لی اور اب ہم بیت لحم میں جلد ہی ان سے ملاقات کے لیے پر امید ہیں۔امریکی صدر نے فلسطینی اراضی کے دورے کی خبر کی تصدیق نہیں کی تاہم انہوں نے 4 مئی کو اعلان کیا تھا کہ وہ رواں ماہ اسرائیل کا دورہ کریں گے۔
اسرائیل کا دورہ اْس سفر کی ایک کڑی ہوگا جس کے دوران ٹرمپ 25 مئی کو برسلز میں نیٹو اتحاد اور 26 مئی کو سِسلی (اٹلی) میں بڑے صنعتی ممالک کے گروپ جی۔ سیون کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ محمود عباس اور نیتنیاہو کے درمیان آخری اور اہم ملاقات 2010 میں ہوئی تھی۔ اگرچہ اس کے بعد خفیہ ملاقاتوں کے بارے میں غیر مصدقہ رپورٹیں بھی ہیں۔فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان امن کوششیں اپریل 2014 میں امریکی منصوبے کی ناکامی کے بعد سے مکمل طور پر موقوف ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -