رمضان بازار وں میں فول پروف سیکیورٹی ، رضا کار بھی تعینات ہونگے
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہورسمیر احمد سید اور مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں کا حتمی جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ و ہیڈ کوارٹرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایم اوز میٹرو پولیٹن کارپوریشن، ٹی ایم اوز، مارکیٹ کمیٹی، ایل ڈبلیو ایم سی،سول ڈیفنس، انڈسٹریز، لائیو سٹاک، پارکنگ کمپنی، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور اور مئیر لاہور مبشر جاوید نے کہا کہ تمام ادارے رمضان بازاروں کے انعقاد اور رمضان المبارک کاپورا ما ہ ایک چیلنج سمجھ کر عوام کو سہولیات دیں ور ضلعی انتظامیہ ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور دیگر اداروں کا یہ مشن ہونا چاہیے کہ عوام الناس کی ایک بڑی تعداد رمضان بازاروں سے فراہم کئے جانے والے ریلیف سے مستفید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس تاثر کو ذائل کرنا ہے کہ ہر ادارہ علیحدہ علیحدہ کام کر رہا ہے اور آپس میں بہتر رابطہ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مختلف محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہو ئے کہا کہ رمضان المبارک کے حوالے سے حکومت پنجاب کے بنائے گئے تمام ایس او پیز پر عملدر آمد کیا جائے۔ میٹنگ میں مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں لگائے جانے والے 31رمضان بازاروں میں سبزی اور فروٹ کی مسلسل سپلائی کو یقینی بنایا جائیگا۔جبکہ ان کی خریداری کے لئے ایک پر چیز کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ کمیٹی کے سٹالز پر 17اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی۔جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے مختلف سبزیوں اور پھلوں پر دی جانے والی سبسڈی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ کمیٹی کے سٹالز پر سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی اور مقدار کی رمضان بازاروں میں مانیٹرنگ کے موجود طریقہ کار کے علاوہ اینڈرائید بیس طریقہ کار سے بھی مانیٹر کیا جائیگا۔ایل ڈبلیو ایم سی نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکار تمام رمضان بازاروں سے روزانہ کی بنیاد پر سالڈ ویسٹ کو اٹھائینگے اور رمضان بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائیگا۔ اس کے فوکل پرسن سر فراز احمد ہوں گے۔اسطرح سول ڈیفنس کا محکمہ ہر رمضان بازار میں پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ دس رضا کار بھی تعینات کرے گا اور رمضان بازاروں میں آنے والے صارفین کی میٹل ڈیکٹیٹر سے چیکینگ اور واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے گا۔انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ نے بریفنگ میں بتایا کہ رمضان بازاروں میں اوزان پیمائش کو درست رکھنے اور لوگوں کی تسلی کے لئے خریدی گئی چیزوں کا وزن کرنے کے لئے الیکٹرونکس وزن مشین کا کاؤنٹر بھی لگایا جائیگا۔لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ نے چکن، بیف اور انڈوں کے سٹالز کے بارے میں بریفنگ دی۔لاہور پارکنگ کمپنی نے بتایا کہ 31رمضان بازاروں میں پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اور صارفین کی گاڑیوں کی محفوظ پارکنگ کے لئے 174ملازمین کو تعینات کیا جا ئیگا۔جبکہ ہفتہ اور اتوار کو صارفین کا رش زیادہ ہونے کے پیش نظر 210ملازمین پارکنگ کے لئے ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔اسطرح ایل ڈبلیو ایم سی، ٹی ایم اے، سول ڈیفنس ، مارکیٹ کمیٹی، ای پی ڈبلیو ایم، فوڈ، سوشل ویلفئیر، صحت اور لائیو سٹاک کے رمضان بازاروں میں تعینات ہونے والے ملازمین علیحدہ علیحدہ رنگ کا یونیفارم پہنیں گے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اور ڈائریکٹر فوڈ میٹروپولیٹن کارپوریشن رمضان بازاروں میں پرائیویٹ کمپنیوں کے عام مارکیٹ سے سستے ریٹس پر اپنی پروڈکٹ کی فروخت کے لئے خصوصی سٹالز لگانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ اسطرح رمضان بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور رمضان بازاروں کے اوقات کار کے حوالے سے معاملات کو طے کیا گیا۔