اورنج ٹرین منصوبہ ، رنگ روڈ کے اوپر پل کی تعمیر مکمل

اورنج ٹرین منصوبہ ، رنگ روڈ کے اوپر پل کی تعمیر مکمل

لاہور( اپنے خبر نگار سے) سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا 67 فیصد تعمیراتی کام کیا جا چکا ہے ۔ ڈیرہ گجراں کے علاقے میں قائد اعظم انٹر چینج کے قریب رنگ روڈکے اوپر سے ٹرین گزارنے کے لئے پل کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے ۔ پیکیج ون میں ابھی تک ٹرین کے لئے آٹھ کلو میٹر طویل بالائے زمین راستہ تعمیر کیا جا چکا ہے وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 82 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا50 فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 73فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 63.5فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ پیکیج ون کے بالائے زمین راستے کی تعمیر میں استعمال ہونے والے تمام341ٹرانزم اور 670یوٹب گرڈرز پر ی کاسٹ کر لئے گئے ہیں۔ ٹریک کی تعمیر کے لئے ابھی تک 292ٹرانزم اور518یوٹب گرڈرز نصب کئے جا چکے ہیں۔پیکیج ٹو کے بالائے زمین راستے کی تعمیر میں استعمال ہونے والے ٹرانزم اور یوٹب گرڈرز کی تیاری کے لئے بیرون ملک سے سانچے در آمد کر لئے گئے ہیں اور ٹرانزم کی پر ی کاسٹنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ اس پیکیج کے چار سٹیشنوں چوبرجی‘گلشن راوی‘سمن آباد اور بند روڈ کا تعمیراتی کام 15جون تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ باقی نو سٹیشنوں کی تعمیر15جولائی تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ پیکیج ٹو پر تعمیراتی کام تیز کیا جائے اور اس مقصد کے لئے اضافی افرادی قوت استعمال کی جائے تاکہ منصوبے کو طے شدہ ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کیا جاسکے۔ حادثات سے بچنے کے لئے تعمیراتی کام والے علاقوں میں حفاظتی شیٹس لگائی جائیں‘رات کے وقت ان جگہوں پر ضرورت کے مطابق روشنی کا بندوبست کیا جائے‘آگ بجھانے والے آلات کا انتظام کیا جائے اور عملے کو اسے چلانے کی تربیت دی جائے۔ ان علاقوں میں گاڑیوں کی حدرفتار کا تعین کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے ۔ منصوبے سے وابستہ تمام کنٹریکٹرز اور محکمے ریسکیو 1122سے اپنے عملے کی تربیت کروائیں اور حفاظتی اقدامات اور سیفٹی مقاصد کے لئے اپنا اپنا کور گروپ تشکیل دیں۔ اجلاس میں ایم پی اے چودھری شہباز ‘ میئر لاہور مبشر جاوید‘ ڈپٹی میئراعجاز حفیظ‘چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1