وزیر اعظم کی ہٹ دھرمی سے پورا جمہوری نظام خطرے میں پڑچکا ہے‘ لطیف کھوسہ

وزیر اعظم کی ہٹ دھرمی سے پورا جمہوری نظام خطرے میں پڑچکا ہے‘ لطیف کھوسہ

ملتان (خبر نگار خصوصی) پیپلز لائرز فورم کے مرکزی چیئرمین سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے کیونکہ عدالت عظمیٰ میں میاں نواز شریف کامؤقف غلط ثابت ہوچکا ہے اس لئے ان کے پاس کوئی اخلاقی و قانونی جواز نہیں کہ وہ وزارت عظمیٰ کے منصب سے چمٹے رہیں۔(بقیہ نمبر39صفحہ12پر )

ان خیالات کا اظہارانھوں نے گزشتہ روز ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیاہے۔انھوں نے مزید کہا کہ بطور وزیراعظم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے ملک کا وقار مجروح ہوگااور ایک ملزم کیسے ملک کا وزیراعظم رہ سکتا ہے۔ وزیراعظم کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کا ہونا ممکن نہیں ہے۔ا نھوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہٹ دھرمی سے پورا جمہوری نظام خطرے میں پڑ چکا ہے اور ریاستی اداروں میں تصادم کی فضا ہے اور مسلم لیگ(ن)کے غیرذمہ دارانہ اور غیرجمہوری رویوں سے پورے ملک میں غیریقینی اضطراب اور انتشار کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے اور اس سے غیرریاستی عناصرفائدہ اٹھانے کیلئے کمر بستہ ہیں لیکن پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان بھر کے وکلا کسی بھی غیرآئینی اقدامات کی بھرپور مخالفت کریں گے اور اس جمہوری نظام کے خلاف مسلم لیگ(ن)سمیت غیرجمہوری ، غیرسیاسی ، غیرآئینی اور غیرقانونی سوچ رکھنے والی تمام قوتوں کو شکست فاش دیں گے۔انھوں نے کہاکہ پارٹی کمان کی ہدایت پر ملک بھر کے تمام پیپلز لائرزفورم کے عہدیداران اور ممبران کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام بار ایسوسی ایشن میں اپنامؤثر کردار ادا کرتے ہوئے گو نواز گو کی تحریک کو متحرک کریں اوراس کومنظم کرنے کے ساتھ کامیاب بھی کریں۔انھوں نے کہاکہ سپریم کورٹ بار ، ہائی کورٹ بار یا کسی دیگر بار ایسوسی ایشن میں اس سلسلہ میں منعقد ہونے والی تمام کنونشنز کو کامیاب کروانے میں کلیدی کردار ادا کریں جیسے اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری پیپلز لائرز فورم جاوید ہاشمی اورمرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بشریٰ نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر