ریڈ کریسنٹ وارڈنز کو مفت ابتدائی طبی امداد دے گا،ڈاکٹر سعید الٰہی

ریڈ کریسنٹ وارڈنز کو مفت ابتدائی طبی امداد دے گا،ڈاکٹر سعید الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الہی نے قربان لائن لاہور میں ہونے والی تقریب مین کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ، سٹی ٹریفک پولیس کے وارڈنز کو مفت فرسٹ ایڈ ٹریننگ اور بلڈ سکریننگ کی سہولت مہیا کرے گا تاکہ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں وہ لوگوں کو فرسٹ ایڈ دے کر ان کی مدد کرسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سٹی ٹریفک پولیس کے موبائل یونٹس کو فرسٹ ایڈ باکسز بھی مہیا کرے گاتاکہ ایمرجنسی یا حادثہ کی صورت میں زخمیوں کی فوری طبی مدد کی جاسکے۔ڈاکٹر سعید الہی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ اپنے قومی پروگرام کے تحت مختلف اداروں بشمول صحافی برادری ،پولیس آفیشلز ،سکول،کالج اور یونیور سٹی طلباء کو فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ مہیا کر رہی ہے۔ چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حادثات کے دوران ٹریفک وارڈنز کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ایک تربیت یافتہ ابتدائی طبی امداد دینے والا ٹریفک وارڈن بہت سی زندگیاں بچاسکتا ہے۔انہوں نے یہ سب ورلڈ ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ڈے کی مناسبت سے ایک پر وقار تقریب میں کہا۔اس موقع پر چیف ٹریفک پولیس نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیت سے ٹریفک حادثات میں زخمی لوگوں کو فوری امداد یقینی ہوسکے گی۔اس تقریب میں غلام محمد اعوان (سیکریٹری جنرل پاکستان ریڈ کریسنٹ)، عبدالماجد چوہدری (سیکریٹری پنجاب ریڈ کریسنٹ) اور سینیئرSSP رائے اعجاز احمد سٹی ٹریفک آفیسر نے بھی شرکت کی۔تقریب کے اختتام میں چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی نے ٹریفک وارڈنز میں دھوپ سے بچاؤ کے لیے خاص ٹوپیاں اور چھتریاں تقسیم کیں۔