عوامی فلاحی کام کرنے میں ن لیگ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،شاہد صدیق
لاہور(نمائندہ خصوصی)سر براہ میڈیا سیل تحریک انصاف پنجا ب ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر ہاتھ پنکھی جھول کر عوام کو بے وقوف بنانے والے شہباز شریف بتائیں کہ وہ اپنے دور حکومت میں بجلی لوڈشیڈنگ ختم کیوں نہیں کر سکے قوم سے لوڈ شیڈنگ خاتمہ پر ووٹ مانگنے والی مسلم لیگ جواب دے کہ لوڈ شیڈنگ کا کب خاتمہ ہو گا ۔ پنجاب میں ہر وہ کام کیا جارہا ہے جس میں حکمران کمیشن لیتے ہیں عوامی فلاحی کام کرنے میں ن لیگ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے لوڈ شیڈنگ کے باعث فیکٹری بند اور مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔
حکومت کی ساری توجہ میٹرو اورنج ٹرین منصوبوں پر مرکوز ہے۔انہو ں نے مزید کہاکہ ن لیگ کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں نا کام ہو چکی ہے۔حکمران چار سال تک بلند بانگ دعوے کرتے رہے مگر بجلی کا ایک بھی اضافی یونٹ پیدا نہیں کر سکے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار ٹھپ ہورہے ہیں جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ گرمیوں کی آمد کیساتھ ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا جن حکومت سے بے قابو ہو گیا ہے ،ن لیگ نے نہ صرف عوام کو خوار کرنیکا تہہ کر رکھا بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنیکا سبب بھی بن رہی ہے۔