پنجاب کابینہ نے 1200میگا واٹ کا گیس پاور پلانٹ لگانے کی منظوری دیدی

پنجاب کابینہ نے 1200میگا واٹ کا گیس پاور پلانٹ لگانے کی منظوری دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں پنجاب کابینہ نے صوبے میں 1200میگاواٹ کا نیا گیس پاورپلانٹ کامنصوبہ لگانے کی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کے قیام کی منظوری دی گئی۔سیف سٹی کے منصوبے ملتان ،بہاولپور ،فیصل آباد ، راولپنڈی ،گوجرانوالہ اورسرگودھا میں لگائے جائیں گے اوران منصوبوں پر مرحلہ وار عملدر آمد ہوگا اور بعد میں ساہیوال میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ لگایا جائے گا۔ صوبائی کابینہ نے محکمہ زراعت، حکومت پنجاب اور اخوت کے مابین چھوٹے اور بے زمین کاشتکاروں کو بلاسود قرضے دینے کے معاہدے کی منظوری دی ۔معاہدے کے تحت اخوت تنظیم چھوٹے اوربے زمین کاشتکاروں میں بلاسود قرضے تقسیم کرے گی اور پنجاب حکومت اس ضمن میں2ارب روپے سے ریوالونگ فنڈقائم کرے گی۔ اجلاس میں پنجاب ای سٹامپ رولز2016ء میں ترامیم،پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز( ترمیمی )آرڈیننس 2016ء ،فورٹ منرو ڈویلپمنٹ ایکٹ 2016ء میں ترمیم اورپیڈاایکٹ 2006ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب مینٹل ہیلتھ آرڈیننس 2001ء کے تحت پنجاب مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 22سے 27 اجلاسوں کی کارروائی کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ نے وفاق سے نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقیہ جات کے حصول پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کاوشوں کی تعریف کی جبکہ توانائی منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کیلئے وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیاگیا۔ پیڈا ایکٹ 2006میں ترمیم کی منظوری کے بعدانکوائری کو 90روزکی بجائے 60روزمیں فائنل کرنا ہوگاجبکہ ریٹائرڈ ملازم کو اپیل کا دیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے خود1200 میگاواٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اوریہ منصوبہ ملک کی ضروریات اور مستقبل میں توانائی کے چیلنجز کو سامنے رکھ کربنایا گیا ہے ۔ گیس سے بجلی پیدا کرنے کامنصوبہ لگانے کیلئے جنوبی پنجاب کے اضلاع رحیم یار خان یا مظفرگڑھ کے قریب کسی ایک جگہ کا انتخاب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 1180میگاواٹ بھکی گیس پاور پلانٹ سے 717میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہورہی ہے جبکہ اس پاور پلانٹ سے 400میگاواٹ مزید بجلی نومبر،دسمبر میں حاصل ہو گی،اسی طرح1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پہلے مرحلے میں 20مئی سے بجلی کی پیداوار شروع کردے گااورپہلے مرحلے میں یہ منصوبہ 660میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کو دے گا،اس منصوبے کا دوسرا مرحلہ جون کے آخر میں مکمل ہوگا۔ساہیوال کول پاورپراجیکٹ تیزرفتاری سے منصوبہ مکمل ہونے کے حوالے سے نہ صرف دنیا بلکہ چین کا بھی ریکارڈتوڑ دے گا۔حویلی بہادر شاہ گیس پاور پلانٹ کی پہلی ٹربائن بھی اسی ماہ بجلی کی پیداوار شروع کردے گی جبکہ بلوکی گیس پاورپراجیکٹ پر بھی کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کے اختتام پر5500 میگاواٹ نئی بجلی سسٹم میں آجائے گی جبکہ مارچ2018ء تک 9ہزار میگاواٹ تک بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔انہوں نے کہاکہ توانائی منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نوازشریف کی شبانہ روزکی کاوشوں کو جاتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر 6بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغازکیاجارہا ہے اوران سیف سٹی پراجیکٹس پر کام اگلے چند ماہ میں شروع ہوجائے گااور یہ منصوبے 2018ء میں مکمل ہوں گے۔ای سٹامپ پیپرز کے اجراء سے سو سالہ فرسودہ اورپرانا نظام بدل دیاہے۔اس اقدام سے فراڈ،جعلسازی اورپرانی تاریخوں میں سٹامپ پیپرز کے اجراء کا خاتمہ ہوا ہے اور عوام کو سٹامپ پیپر زکے حصول کیلئے لائنوں میں لگنے کی زحمت سے بھی چھٹکارا ملا ہے ۔چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے محکمہ زراعت اوراخوت تنظیم کے مابین معاہدہ طے پایا ہے۔نہایت شفاف اور جدید نظام کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ پنجاب مینٹل ہیلتھ آرڈیننس 2001ء کے تحت پنجاب مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت کے صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات بار آور ثابت ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کے ممبران کے انتخاب کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی پنجاب مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے ممبران کو حتمی شکل دے گی اوراس اتھارٹی میں نجی سیکٹرز کے ماہرین شامل کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے وفاق سے نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقیہ جات ملنے پر کابینہ کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کو اس مد میں80ارب روپے کے بقیہ جات ملیں گے اور یہ رقم صوبے کے عوام کی ترقی اورفلاح پر خرچ کی جائے گی،اس کے علاوہ اس مد میں پنجاب کو ہر سال 9ارب روپے اس کا حصہ بھی باقاعدگی سے ملے گا۔چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے 1200میگاواٹ کے نئے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے کے بارے میں کابینہ کے اراکین کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ،معاونین خصوصی،مشیران،چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -