امن کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں
سکھر(آن لائن) جمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امن پوری دنیا کیلئے ناگزیر ہے امن کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں ہم نے صرف مسلمانوں کی نہیں تمام انسانیت کی فلاح و بہوند کی بات کی ہے ناموس رسالت اور اقلیتوں کے حقوق کو ایک دوسرے کی ضد بنا کر پیش کرنا سازش ہے انتہا پسندی کے واقعات میں ملک و اسلام دشمن قوتیں ملوث ہیں ہمیں اتحاد و یکجہتی کیساتھ ان کو ناکام بنانا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکزی میڈیا سیل کے رکن سید آغا ایوب شاہ ، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو ، ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر اور دیگر عہدے داروں سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا ، مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی کی حمایت کرتے ہیں لیکن مخالفین نے عوام میں اسکا غلط تاثر دینے کی کوشش کی جو کہ تاریخی پشاور اجتماع میں عوام نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کر کے مسترد کر کے ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا ہے ۔