پنجاب کابینہ کا توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے کاوشوں پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین

پنجاب کابینہ کا توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے کاوشوں پر وزیراعظم اور ...

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کابینہ نے توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے شبانہ روز محنت کرنے پر وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کاوشوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل پر وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں وزیراعلی محمد شہبازشریف کی ذاتی کاوشوں اورانتھک محنت کی تعریف کی اور کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں وزیراعلی محمد شہبازشریف جس جذبے اور عزم کے ساتھ توانائی منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کررہے ہیں،پاکستان کی 70برس کی تاریخ میں اس کی کوئی مثا ل نہیں ملتی اور آج دنیا وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ویژنری لیڈر شپ کو سراہا رہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس کے دوران 1200میگا واٹ کا نیا گیس پاور منصوبہ کی متفقہ منظوری پر کابینہ کو مبارکباد دی اور منصوبے کی کامیابی کے لئے خود خصوصی دعا کرائی ۔وزیراعلی نے اجلاس میں شریک ہونے والے نئے مشیر طاہر الملک کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ آپ بھی محنت سے کام کرتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔اجلاس کے دوران مشیرچودھری ارشد کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزید : صفحہ آخر