کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 16مکان مالکان اشتہاری قرار

کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 16مکان مالکان اشتہاری قرار

لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی میں ملوث 16مکان مالکان کو ضمانتوں کے بعد عدالتوں میں پیش نہ ہونے پراشتہاری قرار دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمران اصغر کی عدالت میں ساندہ، شاہدرہ، لاری اڈہ، مستی، موچی گیٹ، نواں کوٹ، مصطفی ٹاؤن، مصری شاہ اور مانگا منڈی پولیس نے ملزموں وقاص، شہزاد، محمد عادل، سید سلمان، خالد محمود، زاہدحسین، میراتم، عتیق الرحمن، عمران، شہزاد خرم، محمد الیاس، عبدالرحمن، احسن، فردون، محمد اعظم اور محمد عامر کے خلاف کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت مقدمات کے چالان پیش کر رکھے ہیں۔پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد مسلسل پیش نہیں ہو رہے جبکہ ملزموں کو متعدد بار طلبی کے نوٹس اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے جا چکے ہیں ،ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

عدالت نے کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی میں ملوث 16ملزموں کو ضمانتوں کے بعد مسلسل پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیتے ہوئے ملزموں کے ضامنوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کاحکم دے دیاہے۔

مزید : علاقائی