وزیراعلیٰ سندھ امتحانی مراکز میں جاکردکھاواکررہے ہیں،ایم کیو ایم

وزیراعلیٰ سندھ امتحانی مراکز میں جاکردکھاواکررہے ہیں،ایم کیو ایم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مرا د علی شاہ شہر کے تعلیمی اداروں میں نقل کی روک تھام کیلئے مثبت اقدامات ضرور کریں لیکن امتحانی مراکز کے دکھاوے کے دورے کرکے طلباء کا قیمتی وقت ضائع کرنے بھی گریز کریں ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے نقل کی روک تھام کے احکامات کے باوجود شہر میں نقل مافیا سرگرم ہے،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات کے مطابق قائم کی جانے والی چھاپہ مار ٹیموں کی جانب سے شہر کے تعلیمی اداروں میں چھاپوں کے دوران طلبہ کا کافی وقت ضائع ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر نقل مافیا کا مکمل قبضہ ہے اور کالجز انتظامیہ ان کے سامنے بے بس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ نقل ایک ناسور ہے اور اسکی روک تھام کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں لیکن اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ اس عمل سے طلبہ پریشانی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امتحان سے قبل اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی نقل کا مواد اندر نہ لے جاسکے لیکن دوران امتحان چیکنگ کے نام پر طلبہ کا وقت ضائع کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقل مافیا کی مکمل بیخ کنی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے اور اس میں ناکامی سے حکومت سندھ کی بدنامی ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول